پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے شعبہ گرافک ڈیزائن کے زیر اہتمام ’سونک نیریٹیوز:ساؤنڈ ڈیزائن اینڈ سکورنگ فار فلم اینڈ ڈیجیٹل میڈیا‘ کے موضوع پر سیمینارعلامہ اقبال کیمپس( اولڈ کیمپس)میں منعقد ہواجس میں چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر بلال احمد، برطانیہ سے تعلق رکھنے والے میوزک پروڈیوسر اور ساؤنڈ ڈیزائنر روحیل جاوید، فیکلٹی ممبران، آرٹسٹس کے علاوہ نیشنل کالج آف آرٹس اور گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس سے بھی طلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
روحیل جاوید جو کہ فلم، اشتہارات، موسیقی اور ڈیجیٹل ساؤنڈ ڈیزائن کے میدان میں اپنے تخلیقی کام کے حوالے سے شہرت کے حامل ہیں ،نے فلم اور ڈیجیٹل میڈیا میں ساؤنڈ ڈیزائن کے جدید رجحانات اور چیلنجز پر روشنی ڈالی ۔
انہوں نے ساؤنڈ ڈیزائن کی چھ تہوں کی وضاحت اشتہاری مہمات کی مثالوں کے ساتھ پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک اچھا ساؤنڈ ڈیزائن نہ صرف جذبات کو ابھارتا ہے بلکہ کسی بھی میڈیا مہم کی کامیابی کو یقینی بناتا ہے۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر بلال احمد نے کہا کہ یہ سیمینار صنعت اور اکیڈمیا کے درمیان مضبوط تعلقات کے فروغ کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے سیمینار کی منتظم ڈاکٹر سیدہ عروج زہرہ رضوی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ کو پیشہ ورانہ تخلیقی عمل کے لیے تیار کرتے ہیں۔ڈاکٹر عروج زہرہ رضوی نے کہا کہ یہ گفتگو بصری ابلاغ اور ساؤنڈسٹڈیز کے شعبے میں ایک اہم علمی مباحثے کی ابتدا ہے جس نے شرکاء کو ڈیزائن پر مبنی کہانیوں میں آواز کے بیانی اثرات کو سمجھنے کی نئی جہتوں کی کھوج کے لیے متاثر کیا


